بھٹکل:20 /ڈسمبر (ایس او نیوز)مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے تحفظ شریعت جلسہ میں شرکت کے لئے بھٹکل پہنچے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے تمل ناڈو میں شرعی عدالتوں کو بند کرنے کے متعلق چنئی کے ہائی کورٹ فیصلے پر ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چنئی ہائی کورٹ نے جو فیصلہ دیا ہے اس کے خلاف مسلم پرسنل لاء بورڈ سپریم کورٹ سے رجوع ہوگا۔ اس موقع پر مولانا نے خدشہ ظاہر کیا کہ چنئی ہائی کورٹ کو یہ کہہ کر مطمئن کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ شرعی عدالتیں ملک کے عدلیاتی نظام کے مقابلے میں قائم کی گئی ہیں، جب کہ یہ واضح کردیا گیا ہے کہ شرعی عدالتیں مذہبی مشوروں کے لئے بنائی گئی ہیں۔ مولانانے واضح کیا کہ شرعی عدالتوں کو متوازی عدالتیں کہنا صحیح نہیں ہے۔